کاروار ، 14/ اکتوبر (ایس او نیوز) شمالی کینرا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 11 تعلقہ جات قحط کی زد میں آ گئے ہیں جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں یہاں پانی اور اناج کی شدید قلت کا سامنا ہونا یقینی ہے ۔
ضلع شمالی کینرا میں چاول کی کاشت بہت زیادہ اہم ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ گنے کی کاشت بھی بڑے پیمانے پر ہوتی ہے ۔ مگر اس مرتبہ بارش کی کمی کی وجہ سے ایک طرف ربیع کے موسم میں چاول کی فصل اگانے کے لئے بیج بونے کی سرگرمی ٹھپ ہوگئی ہے تو دوسری طرف گنے کی فصل بھی متاثر ہوئی ہے۔ اس سے کسانوں کو سخت نقصان اور مالی دشواریوں سے گزرنا پڑے گا ۔
محکمہ زراعت کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق اتر کنڑا میں سالانہ 1938 ٹن چاول اگایا جاتا ہے مگر اس بار برسات کی کمی کی وجہ سے صرف 1160 ٹن چاول کی پیداور متوقع ہے ۔ جبکہ گنے کی مقدار 10.258 لاکھ ٹن سے گھٹ کر 6145 لاکھ ٹن رہ جائے گی ۔
ضلع شمالی کینرا میں قحط کی صورتحال کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ ہلیال ، منڈگوڈ جیسے تعلقہ جات اکثر قحط کی زد میں رہتے ہیں ۔ مگر ضلع کی تاریخ پہلی بار تمام 11 تعلقہ جات قحط زدہ قرار دئے گئے ہیں جن میں سے بعض تعلقہ جات کی صورتحال بہت زیادہ سنگین ہے اور بعض جگہ قحط کی حالت اوسط درجے کی ہے ۔